تشریح:
(1) اس حدیث کے آغاز میں جس شفاعت کا ذکر ہے اس سے مراد شفاعت کبریٰ ہے جو صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کریں گے اور کسی نبی کو وہاں بات کرنے کی ہمت نہیں ہو گی۔ حضرات انبیائے کرام علیہم السلام نے جن جن لغزشوں کا ذکر کیا ہے ان کی صراحت اس حدیث میں نہیں ہے دوسری احادیث میں ان کی تفصیل ذکر کی گئی ہے۔ یہ خطائیں اگرچہ اللہ تعالیٰ نے معاف کر دیں لیکن پھر بھی بڑے لوگوں کا مقام بھی بڑا ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کو یہ حق ہے کہ وہ ان لغزشوں کی بنا پر ان سے باز پرس کرے، اس لیے حضرات انبیاء علیہم السلام اپنی اپنی لغزشوں کو یاد کر کے اللہ تعالیٰ کے حضور بات کرنے کی ہمت نہیں پائیں گے، آخر کار معاملہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر آ کر ٹھہر جائے گا۔ یہی وہ مقام محمود ہے جو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ آپ کو عطا فرمائے گا۔
(2) حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمارے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو سفارش عظمیٰ کے اہل سمجھا اور فرمایا کہ ان کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بتا چکا ہے کہ اگر آپ سے کوئی گناہ سرزد بھی ہو جائے تو اللہ تعالیٰ آپ سے مؤاخذہ نہیں کرے گا۔ اس بنا پر سفارش کرنے کا منصب صرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے خاص ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ یہ ایک عمدہ اور نفیس وضاحت ہے جو اللہ تعالیٰ نے فتح الباری لکھتے وقت مجھے الہام کی ہے۔ (فتح الباري: 530/11)
(3) واضح رہے کہ سفارش کی کئی قسمیں ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے: ٭ میدان حشر کی تکلیف سے نجات دینے کے لیے سفارش کرنا، اسے شفاعت کُبریٰ کہتے ہیں اور یہ ہمارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خاص ہے اور کوئی رسول یہ سفارش نہیں کرے گا۔ ٭ بعض لوگوں کو حساب کے بغیر جنت میں داخلے کی سفارش کرنا۔ ٭ جو لوگ حساب کے بعد عذاب کے حق دار ہوں گے، انہیں عذاب دیے بغیر جنت میں جانے کی سفارش کرنا۔ ٭ جو لوگ دوزخ میں ڈال دیے جائیں گے، انہیں وہاں سے نکالنے کے لیے سفارش کرنا۔ اس حدیث کے آخر میں اسی قسم کی سفارش کا ذکر ہے۔ ٭ اہل جنت کے درجات کو بلند کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور سفارش کرنا۔ پہلی قسم کے علاوہ باقی سفارش کی اقسام میں انبیاء علیہم السلام، صلحاء اور شہداء وغیرہ سب شریک ہوں گے۔ واللہ أعلم