تشریح:
(1) کلمۂ توحید خلوص دل سے پڑھا، پھر اس کے تقاضے کے مطابق عمل کیا۔ ساری عمر اس پر قائم رہا، کفر و شرک کی ہوا تک نہ لگنے دی تو یقیناً ایسے شخص کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارش حاصل ہو گی۔ توحید کی برکت اور عملی تگ و دو، محنت اور کوشش سے اس کے تمام گناہ بخش دیے جائیں گے۔
(2) ایسے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے یہ سوال اس وقت کیا جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے درج ذیل حدیث بیان کی: ’’ہر نبی کے لیے ایک دعا مستجاب (یقینی طور پر قبول ہونے والی) تھی جو اس نے دنیا میں کر لی لیکن میں چاہتا ہوں کہ اپنی دعا آخرت میں اپنی امت کی سفارش کے لیے محفوظ رکھوں۔‘‘ (صحیح البخاري، الدعوات، حدیث: 6304) ایک روایت میں ہے کہ میری شفاعت کا حق دار وہ شخص ہو گا جس نے اخلاص کے ساتھ لا إله إلا اللہ کی گواہی دی۔ اس کے دل نے زبان اور زبان نے اس کے دل کی تصدیق کی۔ (مسند أحمد: 307/2) پھر سفارش کی سعادت حاصل کرنے والوں کے مختلف مراتب ہوں گے جیسا کہ لفظ اسعد سے معلوم ہوتا ہے۔ (فتح الباري: 539/11)