تشریح:
(1) امام بخاری ؒ نے اس عنوان میں دووچیزیں بیان کی ہیں: ٭مساجد کا شرف٭نماز کے انتظار میں بیٹھنے کی فضیلت۔ نماز کے انتظار میں بیٹھنے والا اسی اجر و ثواب کا حق دار ہوتا ہے جو نماز ادا کرنے سے ملتا ہے لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ بے وضو نہ ہو اور کسی کو تکلیف نہ دے، نیز نماز کے علاوہ اور کوئی چیز اسے گھر واپس جانے سے مانع نہ ہو۔ اگر مسجد میں نماز کے علاوہ کسی اور مقصد کےلیے ٹھہرا یا نماز کے انتظار کی نیت میں کسی اور مقصد کو بھی شامل کرلیا تو مذکورہ ثواب کا حق دار نہیں ہوگا۔
(2) اگر کوئی مسجد سے نکل جاتا ہے لیکن دوبارہ لوٹ کر مسجد میں ہی دوسری نماز ادا کرنے کی فکر میں رہتا ہے تو اسے بھی مذکورہ ثواب نہیں ملے گا، ہاں!اس قسم کے آدمی کو اور نوعیت کا ثواب حاصل ہوگا جسے آئندہ حدیث میں بیان کیا گیا ہے۔ غالباً امام بخاری ؒ نے اسی مقصد کے پیش نظر اس حدیث کو یہاں بیان کیا ہے۔ (فتح الباري:186/2)