تشریح:
(1) سعید بن مسیّب کہتے ہیں کہ جو شخص، دشمن کے ہاتھوں قیدی ہو اسے وراثت میں حصہ دار نہ بنایا جائے لیکن جمہور اہل علم کہتے ہیں کہ قیدی کو وراثت میں حصہ دار بنایا جائے گا اور اس کی وصیت کو بھی نافذ کیا جائے گا کیونکہ جب قیدی مسلمان ہے تو وہ درج بالا حدیث کے عموم میں داخل ہے کہ جس نے مال چھوڑا وہ اس کے ورثاء کے لیے ہے۔ قیدی بھی اس کا وارث ہے۔ صرف قید ہونے کی بنا پر اسے وراثت سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح جب تک وہ زندہ ہے اس کی بیوی کسی دوسرے شخص سے نکاح نہیں کر سکتی اور اس کا مال بھی تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ اگر اس کی زندگی کا علم نہ ہو اور نہ اس کے مقام ہی کا کوئی اتاپتا ہو تو اسے مفقود کے حکم میں شامل کیا جائے گا۔
(2) دوران حراست میں اگر اس کے مرتد ہونے کی خبر ملے تو جب تک اس بات کا علم نہ ہو کہ وہ اپنی مرضی سے مرتد ہوا ہے اس وقت تک اس پر مرتد کے احکام بھی جاری نہیں ہوں گے۔ ممکن ہے کہ دوران حراست میں کسی مجبوری کی وجہ سے اس نے ارتداد کا لبادہ اوڑھا ہو۔ (فتح الباري:60/12)