تشریح:
(1) حدیث میں مذکور اختیار اللہ تعالیٰ کی طرف سے نہیں ہوتا تھا کیونکہ اللہ تعالیٰ ایسے دو امور میں اختیار نہیں دیتا جن میں سے ایک گناہ ہو اور نہ اخروی امور ہی میں اختیار دیا جاتا تھا کیونکہ اخروی امور اگر مشکل ہوں تو انھیں کرنے میں ثواب زیادہ ہوتا ہے، اگر دینی امور میں اختیار دیا جاتا جن میں ایک کا انجام گناہ ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوسرے کو اختیار کرتے جیسا کہ مجاہدہ اور میانہ روی میں اختیار دیا جاتا تو میانہ روی کو پسند کرتے کیونکہ وہ مجاہدہ جو ہلاکت تک پہنچا دے وہ گناہ ہے۔
(2) اس حدیث سے حدود اللہ کی اہمیت کا پتا چلتا ہے کہ ان کے پامال ہونے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور انتقام لیتے، حالانکہ ذاتی معاملات میں انتقام لینا آپ کا شیوا نہ تھا۔ بہرحال حدود اللہ کی پامالی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو برداشت نہ تھی۔ واللہ أعلم