تشریح:
(1) اس عورت کا نام فاطمہ بنت اسود تھا۔ اس کا باپ اسود بن اسد غزوۂ بدر میں قتل ہوا تھا۔ یہ عورت حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے پہلے شوہر حضرت ابو سلمہ کی بھتیجی تھی۔ جب اس کی چوری ثابت ہو گئی تو پہلے اس کے خاندان نے چالیس اوقیے چاندی بطور فدیہ دینے کی پیش کش کی لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے فرمایا: ’’اس پر حد کا قائم ہونا بہتر ہے۔‘‘ پھر اس نے حضرت عمر بن ابی سلمہ رضی اللہ عنہ کی پناہ لی اور ان سے سفارش کی اپیل کی، چنانچہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی: اللہ کے رسول! اسے معاف کر دیں۔ یہ میری پھوپھی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی سفارش کو بھی مسترد کر دیا آخرکار انھوں نے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ کا انتخاب کیا، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سلسلے میں کسی کی سفارش قبول نہ کی بلکہ آپ نے حضرت بلال رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ اٹھو اور اس کا ہاتھ کاٹ دو، چنانچہ انھوں نے اس کا ہاتھ کات دیا، اس نے عرض کی: اللہ کے رسول! میرے لیے توبہ کا دروازہ بند تو نہیں ہوا؟ تو آپ نے فرمایا: ’’آج تو اس غلطی سے یوں پاک ہو چکی ہے گویا آج ہی تجھے تیری ماں نے جنم دیا ہے۔‘‘ چنانچہ اس نے توبہ کی اور بنو سلیم کے ایک آدمی سے نکاح کر لیا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ اس کے بعد وہ میرے پاس آئی تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس کی حاجت پیش کرتی۔
(2) بہرحال اس امر پر امت کا اجماع ہے کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہوتو کسی کو اس کے متعلق سفارش نہیں کرنی چاہیے۔ اگر کوئی سفارش کرتا ہے تو حاکم وقت کو چاہیے کہ وہ سختی سے اسے رد کر دے اور اللہ تعالیٰ کی حدود کو قائم کرے۔ (فتح الباري:113/12، 116)