تشریح:
(1) سورۂ نور سے مراد اس کی درج ذیل آیت کریمہ ہے: ’’زانی عورت یا مرد ان میں سے ہر ایک کو سو، سوکوڑے لگاؤ۔‘‘ (النور24: 2) اس کے متعلق سوال کرنے کا فائدہ یہ تھا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے نازل ہونے سے پہلے رجم کیا ہے تو ممکن ہے کہ آیت کریمہ سے وہ رجم منسوخ ہوگیا ہو کیونکہ اس آیت میں کوڑے لگانے کا ذکر ہے اور اگر بعد میں اس کا نزول ہوا ہے تو ممکن ہے کہ شادی شدہ زانی کے لیے رجم کی سزا اس آیت سے مخصوص ہو، لیکن صحابی نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا کہ وہ مجھے معلوم نہیں۔
(2) حقیقت یہ ہے کہ ان آیات کا نزول سزائے رجم سے پہلے ہے کیونکہ یہ سورت 6 ہجری میں نازل ہوئی ہے اور رجم کے راوی حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہیں جو فتح خیبر کے موقع پر سات ہجری میں مسلمان ہوئے تھے۔ اس طرح رجم سے متعلقہ واقعے کی روایت حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے بھی مروی ہے۔ (صحیح البخاري، الحدود، حدیث:6824) اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما اپنی والدہ کے ہمراہ نو ہجری میں مدینہ طیبہ تشریف لائے تھے۔ (فتح الباري:147/12)