تشریح:
(1) یہ دونوں احادیث ایک ہی واقعہ سے متعلق ہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے دیگر مقامات پر اس واقعہ کو بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے۔ یہی واقعہ آیت تیمم کے نازل ہونے کا سبب بنا۔ تمام صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے اس وسعت نعمت کا شکریہ ان الفاظ میں ادا کیا: ’’اے آل ابی بکر! یہ تمھاری کوئی پہلی برکت تو نہیں ہے۔‘‘
(2) ان احادیث کی عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں ڈانٹا اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو جسمانی تکلیف پہنچائی۔ اس کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی۔ بہرحال انسان اپنے اہل خانہ کو کسی غلطی کی وجہ سے تنبیہ کر سکتا ہے اور ضرورت پڑے تو ہلکی پھلکی مار بھی سکتا ہے، چنانچہ پہلے حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ارشاد گزر چکا ہے کہ انھوں نے فرمایا: اے لوگو! اپنے غلاموں اور لونڈیوں پر حد جاری کرو، خواہ شادی شدہ ہوں یا غیر شادی شدہ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک لونڈی نے زنا کیا تو آپ نے مجھے اس پر کوڑے لگانے کا حکم دیا۔ (صحیح مسلم، الحدود، حدیث:4450(1705) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ابن بطال کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ دونوں حدیثیں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ آدمی اپنے اہل خانہ وغیرہ کو حاکم کی موجودگی میں ہلکی پھلکی سزا دے سکتا ہے، گرچہ اس نے اجازت نہ دے رکھی ہو بشرطیکہ وہ سزا کسی صحیح معاملے میں ہو۔ (فتح الباري:215/12)