تشریح:
ان گناہوں میں شرک ایسا جرم ہے جو توبہ کے بغیر معاف نہیں ہوگا۔ اگر انسان توبہ کے بغیر مرگیا تو ہمیشہ کے لیے دوزخ میں رہے گا کیونکہ مشرک پر جنت حرام ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’جو شخص اللہ کے ساتھ شرک کرتا ہے اللہ نے اس پر جنت حرام کردی ہے اور اس کا ٹھکانا دوزخ ہے۔‘‘ (المائدة: 5: 72) بت پرستی اور قبر پرستی کی بھی یہی سزا ہے، البتہ حدیث میں باقی بیان کردہ جرائم ایسے ہیں کہ ان کا مرتکب اللہ تعالیٰ کی مشیت پر ہے، وہ چاہے تو ویسے معاف کر دے اور اگر چاہے تو سزا دے کر معاف کرے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اللہ کے ساتھ اگر کسی کو شریک بنایا جائے تو یقیناً یہ گناہ اللہ تعالیٰ کبھی معاف نہیں کرے گا اور جو اس کے علاوہ (دوسرے گناہ) ہیں، وہ جسے چاہے معاف کردے گا۔‘‘ (النساء4: 116) بہرحال قتل ناحق بہت سنگین جرم ہے، اس کی قباحت متعدد احادیث سے ثابت ہے۔ کبیرہ گناہوں کی آگاہی کے لیے ہماری تالیف ’’معاشرہ کے مہلک گناہ‘‘ کا مطالعہ مفید رہے گا۔