تشریح:
(1) ایک روایت میں وضاحت ہے کہ جب مسلمانوں کی فوج دشمن کے سامنے صف آراء ہوئی تو حضرت عامر رضی اللہ عنہ نے اپنی تلوار سے ایک یہودی پر حملہ کیا۔ چونکہ ان کی تلوار چھوٹی تھی، اس لیے وہ پلٹ کر ان کے گھٹنے پر لگی۔ اس سے آپ جانبر نہ ہو سکے، اس وجہ سے لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ یہ خود کشی ہے اور اس سے انسان کے عمل برباد ہو جاتے ہیں۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:4196)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ کا استدلال اس روایت سے یہ ہے کہ حضرت عامر رضی اللہ عنہ خود اپنی تلوار سے شہید ہوئے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے قبیلے پر دیت واجب نہیں كى اور نہ ان کے علاوہ کسی دوسرے پر ہی واجب کی۔ اگر دیت واجب کی ہوتی تو بیان کی جاتی کیونکہ یہ مقام محتاج بیان تھا اور ضرورت کے وقت بیان کی تاخیر جائز نہیں ہوتی۔تمام علماء کا اس پر اتفاق ہے کہ اگر کسی نے قصداً یا سہواً اپنے اعضاء میں سے کوئی عضو کاٹ دیا تو اس کے متعلق کچھ بھی واجب نہیں ہے، البتہ امام اوزاعی اور امام احمد رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ غلطی کی صورت میں اس کے قبیلے پر دیت واجب ہوگی۔ اگر وہ زندہ رہا تو دیت کا حقدار وہ خود ہوگا، بصورت دیگر اس کے ورثاء حقدار ہوں گے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے جمہور اہل علم کی تائید کی ہے اور اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ اس صورت میں کوئی دیت واجب نہ ہوگی۔ (فتح الباري:272/12)