تشریح:
1۔ان احادیث میں امیر سے مراد ہماری تنظیموں کے امیر نہیں بلکہ خلیفہ اسلام ہے جو صحیح معنوں میں صاحب اقتدار ہو۔ ایسے صاحب اختیارخلیفے کی اطاعت ضروری ہے۔ معمولی باتوں کا بہانہ بنا کر قانون شکنی نہ کی جائے اور نہ بغاوت کا راستہ ہی ہموار کیا جائے۔ اگر ایسا کیا تو عہد جاہلیت کی یاد تازہ ہوگی کیونکہ دور جاہلیت میں لاقانونیت کا دور دورہ تھا اور وہ لوگ ہر قسم کے قانون سے بالا زندگی گزارنے کے عادی تھے۔
2۔اگر کوئی حکمران وقت سے بغاوت کرتا ہے تو وہ جاہلیت کی موت مرتا ہے کیونکہ ایسا کرنے سے خونریزی اور فتنہ و فساد زور پکڑے گا۔ انسانوں کی عزت و آبرو اور جان و مال کی حفاظت اسی میں ہے کہ حاکم وقت کی اطاعت کی جائے۔ سازشوں اور فتنوں کو دبانے کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہے۔ ہاں اگر حاکم وقت کھلا کفر کرے تو ایسے حالات میں جہاں اللہ تعالیٰ کی نا فرمانی ہو وہاں ان کی اطاعت نہ کی جائے۔
3۔جماعت سے علیحدگی کی صورت یہ ہے کہ وہ خلیفہ وقت کے خلاف سرکشی کی کوشش کرے اگرچہ معمولی سی ہی کیوں نہ ہو اس مذموم کوشش کا نتیجہ فساد اور خونریزی ہے جس کی اسلام اجازت نہیں دیتا۔