تشریح:
1۔جو چیز کسی ناجائز کام تک پہنچائے اس سے بچنا بھی ضروری ہے کیونکہ ممنوع کام کا ارادہ کرنا یا بلاقصد ہو جانا، اس سے پرہیز ضروری ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو تیروں کے پھل پکڑنے کا حکم دیا کیونکہ ہجوم میں اگر تیر کھلے ہوں تو لوگوں کو خراشیں آنے کاخطرہ ہے، اس لیے کھلے بازار یا مجالس میں کھلے تیر لے کر چلنا منع ہے۔دور حاضر میں اسلحے کا بھی یہی حکم ہے کہ اسے تالا لگا کر رکھے اور اس کی نالی اوپر کی طرف رکھی جائے تاکہ اگر کسی وجہ سے فائر ہو جائے تو اس سے کسی کانقصان نہ ہو۔
2۔ان تمام احادیث سے ظاہر ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ناحق خون ریزی کو کتنی سنگین نظر سے دیکھتے تھے، لیکن جب فتنوں کا دور ہو تو اس میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قدم قدم پر انتہائی احتیاط کو ملحوظ خاطررکھنے کی ہدایت فرما رہے ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ آپس میں قتل وغارت کر کے اپنی طاقت کو پارہ پارہ نہ کریں۔ ایک حدیث سے اس امر کی مزید وضاحت ہوتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مجلس سے گزرے تو لوگ ایک دوسرے سے ننگی تلواروں کا تبادلہ کر رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کیا میں نے تمھیں اس سے منع نہیں کیا؟ جب کوئی دوسرے کو تلوار دینا چاہے تو پہلے اسے میان میں بند کرے پھر وہ اپنے بھائی کو دے۔‘‘ (مسند أحمد: 347/3)ایک روایت میں ہے: ’’فرشتے اس شخص پر لعنت کرتے ہیں جو ننگے ہتھیار سے دوسرے کی طرف اشارہ کرتا ہے، خواہ وہ اس کا حقیقی بھائی ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ (جامع الترمذي، الفتن، حدیث: 2162) جب ہتھیار سے اشارہ کرنا باعث لعنت ہے تو اس سے دوسرے مسلمان کو نقصان پہنچانا کس قدر سنگین جرم ہوگا۔ بہرحال یہ کام سنجیدگی سے ہو یا مذاق کے طور پر اس کے متعلق احادیث میں بہت سخت وعید بیان ہوئی ہے۔ (فتح الباري: 32/13)