تشریح:
1۔حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مادری بھائی ولید بن عقبہ نے شراب نوشی کی تو آپ نے تحقیق مکمل ہونے تک اس پر حد لگانے سے سکوت کیا۔ اس تاخیر میں لوگوں کے اندر شکوک وشبہات نے جنم لیا۔ سازشی گروہ نے اس بات کو بہت اچھالا، چنانچہ کسی نے حضرت اسامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کہا کہ لوگوں میں ولید بن عقبہ کی شراب نوشی کا بہت چرچا ہو رہا ہے۔ آپ اس سلسلے میں حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے گفتگو کیوں نہیں کرتے؟ آپ نے فرمایا: تم میرے متعلق یہ گمان نہ کرو کہ میں حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اچھی بات کہنے میں سستی یا مداہنت سے کام لیتا ہوں اور نہ میں خوشامدی ہی ہوں کہ ان کے حاکم ہونے کی وجہ سے ان کی بے جا تعریف کروں، میں نے ان سے مصلحت، ادب واحترام اوررازداری کے طور پر بات کی ہے،میں نہیں چاہتا کہ سرعام ان سے گفتگو کروں جس سے فتنے کی آگ مزید بھڑک اٹھے اور سب سے بڑھ کر میں فتنہ اٹھانے والا بن جاؤں۔میں یہ بھی نہیں چاہتا کہ امر بالمعروف میں کوتاہی کر کے اس شخص جیسا بن جاؤں جس کا ذکر حدیث میں بیان ہواہے۔
2۔حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قابل تعریف رواداری اور قابل مذمت مداہنت کی طرف اشارہ کیا ہے۔ اچھی رواداری کا ضابطہ یہ ہے کہ اس میں دین کا کوئی پہلو مجروح نہ ہوتا ہو اور مداہنت یہ ہے کہ اس میں کسی بُری بات کی پردہ پوشی کی جائے اور باطل کو سہارا دیا جائے۔ (فتح الباري: 67/13)