تشریح:
1۔حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے بعد جنگ جمل بہت بڑا فتنہ تھی۔ اس میں بہت سے مسلمان مارے گئے۔ اس معرکے کو جمل اس لیے کہا جاتا ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ایک عسکر نامی اونٹ پر سوار تھیں جسے یعلیٰ بن امیہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کے لیے مہیا کیا تھا۔
2۔واضح رہے کہ یہ جنگ امر خلافت سے متعلق نہ تھی بلکہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کا حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے یہ مطالبہ تھا کہ سیدنا عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو ان کے کیمپ میں پناہ گزیں تھےاور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا موقف تھا کہ ابھی میری حکومت مستحکم نہیں ہوئی، اس لیے اس معاملے میں کچھ تاخیر کرلی جائے۔
3۔اگرچہ حضرت ابوبکرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خون کا بدلہ لینے میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ہم نوا تھے لیکن وہ جنگ میں شریک نہ ہوئے کیونکہ اس میں قیادت حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے حوالے تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مذکورہ حدیث کو بنیاد بنا کر انھوں نے کنارہ کشی اختیار کی۔ اس معاملے میں ان کا موقف کسی حد تک درست اور مبنی برحقیقت تھا کیونکہ انھوں نے ان حالات میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بھی ساتھ نہیں دیا۔ واللہ أعلم۔