تشریح:
1۔کامیاب مثالی حکومت کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنے عوام کی ضروریات وسہولیات کا پوراپورا خیال رکھے اور عدل وانصاف ان کے دروازے تک پہنچانے کا اہتمام کرے۔ جب کہیں ان میں گڑ بڑ کا پتا چلے تو فوراً اس کے سد باب کا اہتمام کرے۔ اس کی بہترین صورت یہ ہے کہ حاکم وقت وہاں جائے اور حالات کا جائزہ لے، چنانچہ قبیلہ بنوعمرو جو قباء میں رہائش رکھے ہوئے تھا ان میں لڑائی ہوئی۔ نوبت پتھراؤ کرنے تک جاپہنچی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین سے فرمایا چلیں، ان کے درمیان صلح کرادیں۔ (صحیح البخاري، الصلح، حدیث: 2693) چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنفس نفیس وہاں تشریف لے گئے، فریقین کے بیانات سنے اور ان کے درمیان صلح کرادی۔ اس طرح جھگڑا بھی ختم ہوگیا اور مقامی احباب کی حوصلہ افزائی بھی ہوئی کہ ہمارے سربراہ ہمارے پاس چل کر آئے ہیں۔
2۔بہرحال ایسے معاملات میں حاکم وقت کو دلچسپی لینی چاہیے اور اسے اپنی شان کے خلاف خیال نہ کرے جیسا کہ عام طور پر صاحب اقتدار حضرات کویہ "بیماری" لاحق ہو جاتی ہے۔واللہ أعلم۔