تشریح:
1۔اس حدیث میں بیعت کے لیے جن شرائط کا ذکر ہے، یہی شرائط سورہ ممتحنہ میں عورتوں سے بیعت لینے کے لیے ہیں۔ گویا امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ذکر کرکے اس آیت کی طرف اشارہ کیا ہے جس میں صراحت کے ساتھ عورتوں سے بیعت لینے کا ذکر ہے۔ وہ آیت یہ ہے: ’’اے نبی! جب آپ کے پاس اہل ایمان خواتین بیعت کے لیے آئیں۔۔۔‘‘ (الممتحنة: 12/60)
2۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے مذکورہ حدیث کے ایک طریق کی طرف اشارہ کیا ہے جس کے الفاظ یہ ہیں: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے وہی عہد لیا جو عورتوں سے لیا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک نہیں کریں گے، چوری نہیں کریں گے اورزنا نہیں کریں گے۔‘‘ (صحیح مسلم، الحدود، حدیث: 4463(1709)