تشریح:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک خاص چیز کے حکم کو عام کے تحت داخل فرمایا ہے۔ یہ بھی کتاب وسنت سے تمسک (دلیل پکڑنے) کی ہی ایک صورت ہے۔ ہرامرخیر کے لیے اس آیت کو بطور دلیل پیش کیا جا سکتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مطلب ہے کہ جو کوئی ان گدھوں کو اللہ تعالیٰ کی راہ میں باندھے رکھے وہ خیر کاعامل ہے اور وہ قیامت کے دن اس خیر کی جزا دیکھ لے گا اور جو کوئی فخر وریاء اور مسلمانوں سے دشمنی کے لیے انھیں باندھتا ہے وہ شر کا عامل ہے اور اپنے اس شر کی سزا قیامت کے دن پالے گا۔ بہرحال گدھوں کو اپنے کام کے لیے پالنا، پھر انھیں دوسروں کو بطور تعاون دینا باعث خیر وثواب ہے جیسا کہ آیت کریمہ کا تقاضا ہے۔ اسے دلالت شرعی کہا جاتا ہے۔