تشریح:
1۔ان احادیث میں بھی اللہ تعالیٰ کے ناموں کے طفیل دعا کرنے کا طریقہ بیان ہوا ہے کہ انسان نیند اور بیداری کے وقت اللہ تعالیٰ کے نام سے برکت حاصل کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور عرض کرتا ہے کہ میں حالت بیداری میں تیرا ہی نام یاد کرتا ہوں۔ اس نام ہی سے مجھے اطمینان حاصل ہوتا ہے اور میرادل اس نام ہی سے آرام حاصل کرتا ہے۔ اسی کی بدولت مجھے نفع بخش زندگی میسر ہوگی۔ اسی طرح حالت نیند میں تیرا ہی نام لیتا ہوں، اس کی بدولت مجھے ہرحالت میں سکون و اطمینان مہیا فرما۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سونے کے وقت یہ دعا فرمایا کرتے تھے، اس لیے کہ نیند، موت کی ایک قسم ہے اور اس کے مقابلے میں بیداری ایک زندگی ہے اور بندوں پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔
2۔بعض اوقات ممکن ہے کہ نیند کی حالت میں روح واپس نہ آئے۔ لیکن جب نیند کے بعد زندگی ملتی ہے تو نشاط وقوت واپس آجاتی ہے، ان حالت میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے لیے مذکورہ دعا پڑھنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک مقام پر نیند کو موت قرار دیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اللہ ہی ہے جو موت کے وقت روحیں قبض کرتا ہے اور جو نہ مراہواس کی روح بھی نیند کی حالت میں قبض کرتا ہے، پھر جس کی موت کا فیصلہ ہو چکا ہو اس کی روح کو روک لیتا ہے اور دوسری روحیں ایک مقررہ وقت تک کے لیے واپس بھیج دیتا ہے۔ غوروفکر کرنے والوں کے لیے اس میں یقیناً بہت سی نشانیاں ہیں۔‘‘ (الزمر 39/42)