تشریح:
1۔قیراط ایک مقررہ حصے کا نام ہے جو نصف دانق اور موجودہ اعشاری نظام کے مطابق 1.255 ملی گرام کے برابر ہوتا ہے۔ بعض اوقات قیراط سے کثیر مقدار بھی مراد لی جاتی ہے جیسا کہ حدیث میں ہے کہ جس نے جنازے میں شرکت کی اسے ایک قیراط اور جو دفن کرنے تک ساتھ رہا اسے دو قیراط ملیں گے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ دو قیراط کیا ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قیراط بڑے بڑے دو پہاڑوں کے برابر ہیں۔‘‘ (صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: 1325) اس حدیث کے آخر میں ہے کہ میں جس پر چاہتا ہوں اپنا فضل کرتا ہوں۔
2۔امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے حدیث کے اس حصے سے عنوان ثابت کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مشیت نافذ ہو کر رہتی ہے۔ یہ کسی عرف یا قاعدے کی محتاج نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ جو چاہتا ہے وہی ہوتا ہے اور جو نہیں چا ہتا وہ نہیں ہوتا لیکن معتزلہ اور ان کے ہم مسلک اللہ تعالیٰ پر اپنے عقلی فیصلے ٹھونسنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کو ایسا کرنا چاہیے اللہ تعالیٰ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے یعنی اللہ تعالیٰ کو چاہیے کہ وہ گناہ گار کو سزا دے اور فرمانبردار کو جزا دے۔ حالانکہ یہ تمام باتیں اللہ تعالیٰ کی مشیت پر موقوف ہیں۔ وہ چاہے تو ایک نیک اور پارسا عورت کو بلا وجہ گھر میں بلی باندھنے کی وجہ سے جہنم میں بھیج دے اور اگر چاہے تو ایک بدکار عورت کو محض کتے کو پانی پلانے کی وجہ سے معاف کر دے اور جنت کا پروانہ عطا کر دے۔ بہر حال اللہ تعالیٰ کی مشیت تمام عالم رنگ و بو میں کار فرما ہے۔ اللہ تعالیٰ جو چاہتا ہے کرتا ہے اسے کوئی روکنے یا عاجز کرنے والا نہیں ہے۔