تشریح:
1۔وادی محصب مکہ مکرمہ اور منیٰ کے درمیان واقع ہے۔ وہاں قریش نے بنوہاشم اور بنو مطلب سے بائیکاٹ کرنے کے متعلق قسمیں اٹھائی تھیں۔ ان کا باہمی معاہدہ ہوا تھا کہ ہم ان سے خریدوفروخت، شادی بیاہ، رہن سہن اور لین دین نہیں کریں گے یہاں تک کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہمارے حوالے کر دیں۔ انھوں نے اس بائیکاٹ کا معاہدہ لکھ کی بیت اللہ مین لٹکا دیا تھا۔ اس کی وضاحت کتاب الحج میں ہے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1590)
2۔اس حدیث میں وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ذوالحجہ کی بارہ تاریخ کو منیٰ میں قیام کے دوران میں فرمایا تھا۔ ایک روایت میں ہے: فتح مکہ کے موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ عزم کا اظہار کیا تھا۔ (صحیح البخاري، مناقب الأنصار، حدیث: 3882) ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع اور فتح مکہ دونوں موقعوں پر اس کا اظہار کیا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عزم کو اللہ تعالیٰ کی مشیت پر موقوف رکھا، پھر اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے اسباب وذرائع مہیا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ اگر چاہے تو ممکن اور آسان کام کو غیر ممکن اور مشکل کر دے کیونکہ کائنات کا نظام اس کی مشیت سے وابستہ ہے۔ واللہ أعلم۔