تشریح:
1۔جنت کی نعمتیں بے شمار اور لازوال ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی تمام نعمتوں سے بڑھ کر ہو گی۔ غلام کے لیے اس سے بڑھ کر خوشی کیا ہو سکتی ہے کہ اس کا آقا ہمیشہ کے لیے اس پر راضی رہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ’’اللہ تعالیٰ نے مومن مردوں اور اہل ایمان خواتین سے ایسے باغات کا وعدہ کیا ہے جن کے نیچے سے نہریں بہتی ہیں۔ ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور سدا بہار باغات میں پاکیزہ قیام گاہوں کا بھی (وعدہ کر رکھا ہے) اور اللہ کی طرف سے تھوڑی سی خوشنودی تو ان تمام نعمتوں سے بڑھ کر ہو گی۔ یہی تو بہت بڑی کامیابی ہے۔" (التوبة:72)
2۔ اس حدیث میں صراحت ہے کہ اللہ تعالیٰ اہل جنت سے گفتگو کرے گا۔ اہل جنت اس سے بابرکت کلام سنیں گے۔ اور سوال و جواب کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ان سے مخاطب ہو گا۔ وہ اللہ تعالیٰ سے مخاطب ہوں گے۔ یہ گفتگو بار بار ہو گی۔ ہم پہلے بیان کر آئے ہیں۔ کہ اللہ تعالیٰ کا کلام اس کی مشیت سے متعلق ہے وہ جب چاہے جیسے چاہے اور جس سے چاہے ہم کلام ہو سکتا ہے۔ اس کا کلام آواز حروف پر مشتمل ہے جسے سنا اور سمجھا جا سکتا ہے اللہ تعالیٰ تمام اہل ایمان کو اس نعمت سے سر فراز فرمائے۔ آمین ۔
3۔واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ کی اہل جنت سے مذکورہ گفتگو کسی خاص طبقے سے نہیں بلکہ عام اہل جنت سے ہوگی اور اللہ تعالیٰ کئی مرتبہ اہل جنت کو شرف ہم کلامی سے سرفراز کرے گا۔