تشریح:
(1) اس روایت کے ظاہری الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے دوران نماز ہی میں تھوک کو زائل کیا لیکن پہلے یہ روایت مالک عن نافع کے طریق سے گزرچکی ہے، وہاں دوران نماز میں کے الفاظ نہیں تھے۔ اسی طرح حضرت ابو ہریرہ، حضرت عائشہ، حضرت ابو سعید اور حضرت انس رضی اللہ عنہم سے بھی مروی یہ حدیث گزرچکی ہے، ان تمام احادیث میں دوران نماز میں کے الفاظ نہیں ہیں، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے نماز میں نہیں بلکہ فراغت کے بعد ہی ایسا عمل فرمایا تھا۔ بعض دفعہ راویوں کے تصرفات وتسامحات کی وجہ سے روایت کے الفاظ مقدم و مؤخر ہوجاتے ہیں جس سے مقصد برعکس ہو جاتا ہے۔
(2) موسیٰ بن عقبہ کی روایت کو امام مسلم ؒ نے متصل سند سے بیان کیا ہے جبکہ ابن ابو رواد کی روایت، جسے امام احمد ؒ نے موصولا بیان کیا ہے، میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے نماز سے فراغت کے بعد تھوک کو زائل کیا تھا۔ (مسندأحمد:34/2) والله أعلم۔