تشریح:
1۔کاہن زمانہ مستقبل کی خبریں دینے کا دعوی کرتے ہیں اور غیب جاننے کے مدعی ہوتے ہیں حدیث میں اس کی نفی مقصود ہے۔ اس حدیث کی عنوان سے مناسبت اس طرح ہے کہ کاہن کبھی شیطان نے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کا کلام اڑا لیتا ہے لیکن اس کا بیان کرنا یعنی اسے تلاوت کرنا منافق کی طرح بہت برا ہے۔ اسی طرح شیاطین جب اللہ تعالیٰ کا کلام پڑھ کر کاہن کے کان میں ڈالتے ہیں تو ان کا کردار انتہائی گھناؤنا ہوتا ہے جبکہ فرشتوں کی تلاوت بہت اچھی اور قابل تعریف ہے اس سے معلوم ہوا کہ تلاوت بندوں کا فعل ہے اور قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے اور تلاوت قرآن سے مختلف ہے۔
2۔حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی مراد یہ معلوم ہوتی ہے کہ منافق کی تلاوت بھی مومن کی تلاوت کی طرح ہے لیکن نتائج کے اعتبار سے دونوں میں بہت فرق ہے حالانکہ متلو یعنی قرآن کریم تو ایک ہے۔ اگر تلاوت اور متلو، یعنی قرآن پاک ایک ہوتا تو اس قدر فرق نہ ہوتا۔ اسی طرح کاہن کا معاملہ ہے کہ شیاطین فرشتے سے اللہ تعالیٰ کا کلام چھین کر اسے سناتے ہیں اب فرشتے کے پڑھنے میں بہت فرق ہے اس اعتبار سے بھی تلاوت اور قرآن دو مختلف حقیقتیں ہیں۔ (فتح الباري: 668/13، 669) ہم اس بات کو ذرا آگے بڑھاتے ہیں کہ مذکورہ فرق اس امر کی دلیل ہے کہ تلاوت کرنا ان کا ایک عمل ہے جسے اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کا کلام غیر مخلوق ہے جیسا کہ ہم پہلے بیان کر چکے ہیں۔