تشریح:
(1) رسول اللہ ﷺ کی وفات سے کچھ عرصہ بعد حضرت عثمان ؓ کی خلافت میں ائمۂ مساجد نے نماز پڑھتے وقت تکبیرات انتقال کو ترک کر دیا تھا جیسا کہ حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ کی روایت میں ہے کہ حضرت علی ؓ نے ہمیں وہ نماز یاد دلا دی جو ہم رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ ادا کرتے تھے۔ ہم نے ان تکبیرات انتقال کو بھلا دیا تھا یا دانستہ طور پر چھوڑ بیٹھے تھے۔ (فتح الباري:349/2)
(2) ترک کا سبب یہ ہوا کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی آواز طبعی حیا کی وجہ سے پست تھی یا بڑھاپے کی بنا پر کمزور ہو گئی تھی، چنانچہ نماز پڑھاتے وقت لوگوں کو ان کی تکبیرات سنائی نہیں دیتی تھیں جس سے یہ خیال کر لیا گیا کہ نماز میں تکبیرات انتقال ضروری نہیں۔
(3) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے حضرت عثمان اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہما اور جناب زیاد کے ترک تکبیرات کے متعلق روایات پیش کی ہیں، مزید لکھا ہے کہ زیاد نے حضرت معاویہ ؓ کو دیکھ کر تکبیرات کو ترک کیا اور حضرت معاویہ نے حضرت عثمان ؓ کو دیکھ کر انہیں نظر انداز کر دیا۔ (فتح الباري:349/2)
(4) اس دور میں تکبیرات انتقال کے ترک سے مراد مطلق طور پر تکبیرات چھوڑ دینا نہیں بلکہ بآواز بلند ترک کر دینا ہے، البتہ امام طحاوی نے کچھ لوگوں کے متعلق نقل کیا ہے کہ وہ رکوع اور سجدے میں جاتے وقت تکبیرات نہیں کہا کرتے تھے۔ بہرحال جمہور کے نزدیک تکبیر تحریمہ واجب اور باقی تمام تکبیرات مستحب ہیں، لیکن ہمارے نزدیک راجح بات یہ ہے کہ تمام تکبیرات واجب ہیں کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ان کا ترک ثابت نہیں بلکہ آپ ہمیشہ انہیں کہتے رہے ہیں۔ آپ کا فرمان گرامی ہے کہ تم اسی طرح نماز پڑھو جس طرح تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔