تشریح:
دو سجدوں کے درمیان اطمینان سے بیٹھنے کو قعدہ کہا جاتا ہے۔ امام بخاری ؒ نے اسے ثابت کرنے کے لیے یہ عنوان قائم کیا ہے اور احادیث و آثار کو پیش کیا ہے، چنانچہ حدیث میں دو سجدوں کے درمیان بیٹھنے کی صراحت موجود ہے۔ اس قعدہ کی کیفیت حضرت ابو حمید ساعدی ؓ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب سجدے سے اپنا سر اٹھاتے تو اپنا بایاں پاؤں موڑتے، پھر اس پر بیٹھ جاتے اور سیدھے ہوتے یہاں تک کہ ہر ہڈی اپنے ٹھکانے پر آ جاتی پھر دوسرا سجدہ کرتے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث:730) رسول اللہ ﷺ کا معمول تھا کہ بیٹھتے وقت اپنا دایاں پاؤں کھڑا کر لیتے۔ (صحیح البخاري، الأذان، حدیث:828) اور کبھی کبھی رسول اللہ ﷺ اپنے قدموں اور ہڈیوں پر بیٹھتے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1198(536))