تشریح:
اس حدیث کی عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ اگر عورتیں مردوں کے آگے ہوتیں تو مردوں سے پہلے پہلے جانے کی یہی صورت ہو سکتی تھی کہ وہ ان کی گردنوں کو پھلانگتی ہوئی مسجد سے نکلتیں، حالانکہ اس کی ممانعت ہے، اس لیے لازمی طور پر ان کی صفیں پیچھے ہوتی تھیں تاکہ اس حکم امتناعی کا ارتکاب نہ ہو۔ (فتح الباري:453/2) علامہ عینی ؒ نے لکھا ہے کہ عنوان بالا سے مقصود یہ ہے کہ عورتوں کی صفیں مردوں سے پیچھے ہوں کیونکہ انہیں ستر کی ضرورت ہے اور مردوں کے پیچھے رہنے ہی میں ان کے لیے زیادہ ستر ممکن ہے۔ (عمدة القاري:651/4)