تشریح:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جمعے کے دن بالوں کی پراگندگی دور کر کے تیل وغیرہ استعمال کرنا چاہیے، نیز خوشبو وغیرہ بھی لگانی چاہیے۔ ایک روایت میں ہے کہ خوشبو ضرور استعمال کرنی چاہیے، خواہ بیوی ہی کی کیوں نہ ہو۔ دوسری روایت میں ہے کہ اچھا لباس زیب تن کرنا چاہیے۔ جمعہ کے لیے صفائی و طہارت کا اہتمام کرنے سے اس کے سابقہ جمعہ تک کے صغیرہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ ایک روایت میں مزید تین دن کا بھی ذکر ہے لیکن صغیرہ گناہوں کی معافی کے لیے ضروری ہے کہ کبیرہ گناہوں سے اجتناب کیا جائے جیسا کہ سنن ابن ماجہ کی روایت میں اس کی وضاحت ہے۔ اگر کبیرہ گناہ نہیں ہوں گے تو امید ہے کہ صغیرہ گناہ معاف ہو جائیں گے۔ الغرض گناہوں کی معافی کے لیے مندرجہ ذیل امور کی بجا آوری ضروری ہے: ٭ غسل کرنا ٭ بالوں میں تیل لگانا ٭ خوشبو استعمال کرنا ٭ اچھا لباس زیب تن کرنا ٭ سکون و وقار کے ساتھ راستہ طے کرنا ٭ مسجد میں پہنچ کر لوگوں کی گردنیں نہ پھلانگنا ٭ دو آدمیوں کے درمیان نہ گھسنا ٭ حسب استطاعت نفل پڑھنا ٭ خاموش بیٹھ کر خطبہ سننا ٭ لغو بات سے اجتناب کرنا۔ (فتح الباري:479/2) واللہ أعلم۔