تشریح:
حضرت عمارہ بن رؤیبہ ؓ نے بشر بن مروان کو دیکھا کہ وہ منبر پر ہاتھ اٹھائے ہوئے تھا۔ آپ نے اسے بایں حالت دیکھ کر فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تیرے ہاتھوں کا ستیاناس کرے! میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ وہ انگشت شہادت سے اشارہ فرماتے تھے۔ (صحیح مسلم، الجمعة، حدیث:2018 (874)) جبکہ امام بخاری ؒ نے دوران خطبہ میں دونوں ہاتھ اٹھانے کا اثبات کیا ہے۔ حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں کہ صحابی کا انکار ایک مخصوص طرز عمل سے متعلق تھا، (فتح الباري:530/2) یعنی وہ دوران خطبہ میں ہاتھ اٹھا اٹھا کر شعلہ بیانی کا مظاہرہ کر رہا تھا جبکہ امام بخاری ؒ دعا کرتے وقت ہاتھ اٹھانے کے عمل کو ثابت کر رہے ہیں۔