تشریح:
(1) عیدین کی روح یہی ہے کہ ان میں بآواز بلند اللہ کی کبریائی اور اس کی عظمت کا اظہار کیا جائے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان (ذوالحجہ کے) دنوں تلبیہ ترک کر دی جائے بلکہ تلبیہ کے ساتھ تکبیرات بھی بآواز بلند کہی جائیں۔ ان دنوں تکبیرات نویں ذوالحجہ سے شروع کر کے تیرہ ذوالحجہ تک ہیں۔ ہاں! اگر کوئی بارہ ذوالحجہ کو واپس آنا چاہے تو اس کی مرضی ہے۔ (2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ایام منیٰ میں تکبیرات ہر وقت کہی جائیں، نمازوں کے بعد، خواہ وہ نفل ہوں یا فرض۔ اسی طرح مردوزن، مقیم و مسافر، الغرض ہر آدمی ہر حالت میں تکبیرات کہے۔ امام بخاری ؒ نے اس کے لیے کوئی استثناء نہیں کیا بلکہ اس حکم کو عام رکھا ہے جیسا کہ آپ کے پیش کردہ آثار سے بھی واضح ہے۔ (3) یہ تکبیرات تشریق کہلاتی ہیں، البتہ یوم عرفہ کے دن منیٰ سے عرفات جاتے وقت تلبیہ کہنا بھی درست ہے، چنانچہ امام بخاری ؒ نے کتاب الحج میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے: (باب التلبية والتكبير إذا غدا من منى إلى عرفة) ’’منیٰ سے عرفہ جاتے وقت تلبیہ و تکبیر کہنے کا بیان۔‘‘