تشریح:
(1) مذکورہ روایت سند کے لحاظ سے منقطع ہے۔ محقق کتاب نے بھی اسے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے دیگر شواہد کی بنا پر صحیح قرار دیا ہے۔ دلائل کی رو سے راجح اور درست بات یہی ہے کہ مذکورہ روایت شواہد کی بنا پر قابل عمل اور قابل حجت ہے۔ واللہ أعلم۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (خطبة الحاجة لشیخ ناصر الدین الألباني، وذخیرة العقبیٰ، شرح سنن النسائي: ۲۳۸،۲۳۷/۱۶)
(2) متعلقہ حدیث میں تو صرف ابوعبیدہ کا ذکر ہے۔ باقی دو حضرات کا ذکر بالتبع کر دیا گیا ہے کیونکہ تینوں بزرگ اس بات میں شریک ہیں کہ انھوں نے اپنے والد سے کچھ نہیں سنا۔ تینوں کے والد صحابی ہیں۔
(3) ”ضرورت کے موقع پر“ یعنی جب بھی خطبے کی ضرورت ہو، خواہ وعظ ہو یا نکاح یا کچھ اور۔ اسی وجہ سے امام نسائی رحمہ اللہ اس روایت کو خطبۂ جمعہ میں لائے ہیں کیونکہ یہ بھی ایک حاجت اور ضرورت ہے۔ بعض حضرات نے مذکورہ آیات کی مناسبت سے یہاں حاجت نکاح مراد لی ہے۔ استاد محترم حضرت الحافظ محمد گوندلوی محدث رحمہ اللہ درس بخاری کے آغاز میں یہی خطبہ پڑھا کرتے تھے۔ ان آیات میں تقوے کا حکم ہے اور تقویٰ ہر کام میں ضروری ہے، نہ کہ صرف نکاح میں۔ واللہ أعلم۔
(4) ”جسے وہ گمراہ کر دے“ اللہ تعالیٰ کسی کو اپنی طرف سے گمراہ نہیں کرتا بلکہ اللہ تعالیٰ کے گمراہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ گمراہ کو گمراہی سے زبردستی نہیں روکتا بلکہ وہ اپنی مرضی سے جس طرف جاتا ہے، جانے دیتا ہے کیونکہ ہر چیز کا خالق اللہ تعالیٰ ہی ہے، اسی لیے اس کا انتساب بھی اسی کی طرف کر دیا جاتا ہے، ورنہ درحقیقت اس میں انسان کے اپنے اس ارادے و اختیار کا دخل ہوتا ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے بطور امتحان انسان کو نوازا ہے۔