تشریح:
(1) خلیلی، خلیل وہ ہوتا ہے جس کے ساتھ دلی لگاؤ اور محبت سب سے بڑھ کر ہو۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کس سے محبت ہوسکتی ہے؟ لہٰذا مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو خلیل نہیں بنایا مگر اللہ کے رسول کو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تو خلیل بناسکتے ہیں۔
(2) ”وترپڑھ کر“ کیونکہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ طالب علم تھے۔ طالب علموں کی، شغل علم وغیرہ کی بنا پر، صبح جلدی آنکھ نہیں کھلتی، لہٰذا وہ وتر پڑھ کر سوئیں تاکہ وتر ضائع نہ ہوجائیں، البتہ جو شخص تہجد کا عادی ہے اوراسے فجر سے قبل جاگنے میں کوئی دقت نہیں، اس کے لیے وتر آخر رات ہی میں مناسب ہیں۔