تشریح:
(1) باب کا مقصد یہ ہے کہ نفاس کی حالت میں اگرچہ عورت خود نماز نہیں پڑھ سکتی مگر وہ فوت ہو جائے تو اس پر نماز جنازہ پڑھی جائے گی۔ اس کا نفاس جنازے سے مانع نہیں، نیز وہ ظاہراً پلید نہیں، لہٰذا نمازی کے آگے رکھنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ مومن کا جسم ظاہراً پلید نہیں ہوتا، نہ جنابت سے، نہ حیض و نفاس سے اور نہ موت سے۔ نفاس سے جسم کی ناپاکی معنوی پلیدی ہے۔
(2) عورت کے جنازے میں امام چارپائی کے وسط کے برابر کھڑا ہوگا جیسا کہ بعض روایات میں صراحت ہے۔ دیکھیے: (صحیح البخاري، الجنائز، حدیث: ۱۳۳۲، و صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: ۹۶۴) اس میں نفاس کا کوئی دخل نہیں۔