تشریح:
فوائد و مسائل:
(1) یہ آیات ایسی ہیں جن کی تلاوت منسوخ ہو گئی اور حکم باقی ہے، اس لیے صحابہ کرام نے انہیں مصحف میں نہیں لکھا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ﴾ ( الحجر:9) ’’ہم نے اس نصیحت (قرآن) کو نازل کیا، اور ہم ہی اس کو محفوظ رکھنے والے ہیں۔‘‘ اس لیے یہ ممکن نہیں کہ ایک آیت کی تلاوت منسوخ نہ ہوئی ہو اور وہ ضائع ہو جائے۔ ویسے بھی قرآن مجید صرف کتابت کے ذریعے سے محفوظ نہیں بلکہ اس کی اصل حفاظت زبانی یاد کرنے سے ہے ۔ صحابہ کرام میں بے شمار افراد حافظ قرآن تھے۔ اس کے بعد بھی ہر دور میں ہر علاقے میں حفاظ کرام موجود رہے ہیں اور رہیں گے۔ دوسری احادیث سے ثابت ہے کہ آخری حکم پانچ بار دودھ پلانے سے حرمت کا رشتہ ثابت ہونے کا ارادہ ہے اور یہی راجح موقف ہے ۔