تشریح:
نیل الاوطار میں ہے کہ مسنداحمد اور طبرانی کبیرمیں ابوامامہ بن سہل اپنی خالہ عجماء سے راوی ہیں کہ قرآن کریم میں یہ نازل ہواتھا: (الشيخُ و الشيخةُ إذا زَنَيَا فارجمُوهُما البتة بما قضيا من اللذةِ) اسی طرح صیحح ابن حبان میں حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سورہ احزاب سورہ بقرہ جتنی تھی اور اس میں (الشيخ و الشيخة) والی آیت بھی تھی (یعنی بعد میں اس سورت کا ایک حصہ منسوخ ہوگیا) (نيل الأوطار:٤/١0٢) الغرض اصحاب الحدیث کے نزدیک یہ حکم قرآن مجید اور سنت متواتر دونوں سے ثابت ہے۔ اور یہ نسخ کی ایک صورت ہے کہ آیت کا حکم باقی اور تلاوت منسوخ ہو چکی ہے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ تلاوت موجود ہے، مگر حکم منسوخ ہے مثلا (الوَصِيَّةُ لِلوالدَينِ والأَقْرَبِينَ) (البقرة:١٨) ماں باپ اور وارثوں کے لئے ان کے حصے سے زیادہ وصیت منسوخ ہے، اگرچہ اس کی تلاوت باقی ہے۔ اور تیسری صورت یہ ہے کہ حکم اور تلاوت دونوں منسوخ ہوچکے ہیں۔ مثلا رضاعت میں پہلے دس چوسنیوں سے حرمت ثابت ہوتی ہے۔ آیت بھی تلاوت کی جاتی ہے، مگر الفاظ اور حکم دونوں منسوخ ہو چکے ہیں۔ (عشر رضعات معلومات يحرمن) اب پانچ چوسنیوں سے حرمت رضاعت ثابت ہوتی ہے۔ وہ بحکم احادیث ہے نہ کہ قرآن۔ (كتاب الفقيه والمتفقه از خطيب بغدادی)