تشریح:
1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ تعلیم دین کی افادیت ایک اور پہلو سے اجاگر فرماتے ہیں کہ اگر شاگرد اپنے استاد کی بات اچھی طرح نہ سمجھ سکا ہو تو اسے چاہیے کہ اپنی تسلی کے لیے دوبارہ پوچھ لے، مقاصد کے پیش نظر ایسا کرنا قابل تحسین ہے۔ اس میں استاد کے متعلق سوء ادبی کا پہلو نہیں نکلتا اور نہ اس سے کوئی ناگواری ہونی چاہیے نیز اس میں شاگرد کی تحقیر بھی نہیں اس لیے دوبارہ پوچھنے سے حیا کرنا مناسب نہیں۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی عادت تھی کہ اگر کوئی بات سمجھ میں نہ آتی تو اسے دوبارہ پوچھ لیا کرتی تھیں اور جب تک سمجھ نہیں لیتی تھیں پوچھتی رہتیں۔ اس سے دوبارہ سوال کرنے کا مقصد بھی واضح ہوجاتا ہے کہ اس قسم کا استفسار صرف اطمینان حاصل کرنے کے لیے ہے۔ تعنت کے طور پر (بال کی کھال اتارنے کے لیے) سوال کرنے کی اجازت کسی صورت میں نہیں ہے۔
2۔ صدیقہ کائنات کے سوال اوررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جواب سے معلوم ہوتا ہے کہ حساب کی دو اقسام ہیں ہیں: ایک حساب مناقشہ جس کا دوسرا نام حساب عرفی ہے۔ اس کی صورت یہ ہوگی کہ بندے کی کوتاہیوں کو پیش کرنے کے بعد اسے یہ بھی کہا جائے گا کہ تونے ایسا کیوں کیا؟ یہ باز پرسں خود اتنا بڑا عذاب اور اس قدر سخت مرحلہ ہوگا کہ رب کائنات کے مناقشے کے بعد انسان کے دل و دماغ کی تمام قوتیں معطل ہو جائیں گی، یہی اس کی تباہی و بربادی اور حشر سامانی ہوگی، اس کے لیے عذاب نار ضروری نہیں ہے۔ حساب کی دوسری قسم حساب یسیر ہے جس کا دوسرا نام حساب لغوی ہے۔ اس میں بندے کے گناہوں کو صرف پیش کیا جائے گا۔ اور ساتھ ہی اسے معافی کا پروانہ دے دیا جائے گا۔ جس کی وجہ سے بندہ اپنے اہل خانہ کی طرف خوش و خرم لوٹے گا۔ (الإنشقاق:84: 9)
3۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان کا عموم صدیقہ کائنات رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے سوال کا باعث ہوا۔ اسی طرح کا ایک اشکال حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو بھی پیش آیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ فرمایا کہ اہل بدر اور اہل حدیبیہ میں سے کوئی بھی جہنم میں نہیں جائے گا۔حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے دریافت فرمایا کہ قرآن کریم سے تو معلوم ہوتا ہے کہ جہنم سے ہر ایک کو واسطہ پڑے گا؟ پھر قرآن کریم کی یہ آیت تلاوت کی ’’تم میں سے کوئی نہیں جس کا اس (جہنم)پر سے گزر نہ ہو۔‘‘ (مریم19: 71) اس کے جواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس آیت کا اگلا حصہ پڑھ کر سنا دیا: ’’ پھر ہم ان لوگوں کو نجات دیں گے جو ڈرگئے اور ظالموں کو گھٹنوں کے بل اس میں گرا رہنے دیں گے۔‘‘ (مسند احمد: 6/ 258،362) اس سے معلوم ہوا کہ رشد و ہدایت کے لیے عربی دانی یا صاحب قرآن سے بالا قرآن فہمی کافی نہیں بلکہ یہ انداز سراسر ضلالت پر مبنی ہے۔ (فتح الباري: 260/1) مزید برآں یہ کہ اگر دینی مسئلے میں کسی کو اشکال ہو تو سوال کے ذریعے سے اس کاحل تلاش کرنا چاہیے۔