تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز کے دوران میں کسی غیر کی بات سننے اور اس کا کلام سمجھنے سے نماز میں کوئی خرابی نہیں آتی، نیز ہاتھ کا اشارہ ایک خفیف عمل ہے، اس سے نماز باطل نہیں ہوتی۔ اس سلسلے میں ادب یہ ہے کہ نمازی سے دوران نماز میں بات کرنے والا اس کے ساتھ یا پیچھے نہ کھڑا ہو، کیونکہ ایسا کرنے سے اس کے خشوع میں خلل آنے کا امکان ہے۔ (فتح الباري:138/3)
(2) اس حدیث سے پتہ چلتا ہے کہ کسی کو حسب موقع خلافِ شریعت کام پر مارنا اور سختی سے منع کرنا جائز ہے اور ایسا کرنا ظلم یا زیادتی نہیں۔
(3) عصر کے بعد دو رکعت پڑھنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت تھی، کیونکہ آپ نے دو رکعت پڑھنے کا آغاز بطور قضا کیا تھا، لیکن رسول اللہ ﷺ انہیں ہمیشہ پڑھتے تھے، حالانکہ قضا صرف ایک بار پڑھی جاتی ہے۔ آپ کی عادت مبارکہ تھی کہ جب کسی کام کو شروع کرتے تو پھر اس پر ہمیشگی کرتے۔
(4) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺ پر نسیان طاری ہو سکتا ہے، کیونکہ حضرت ام سلمہ ؓ کے استفسار سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اس کو نسیان پر محمول کر رہی تھیں یا نسخ پر یا خصوصیت پر۔ لیکن تیسری بات ثابت ہوئی کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت تھی۔