تشریح:
میت عورت کے بال غسل سے پہلے کھولے جا سکتے ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ پانی نیچے تک پہنچ جاتا ہے اور بالوں کو صاف کرنے میں سہولت رہتی ہے۔ اسی طرح اگر کسی مرد نے بال رکھے ہوں تو مرنے کے بعد اسے غسل دیتے وقت اس کے بال بھی کھولے جا سکتے ہیں۔ (فتح الباري:170/3) مختصر طور پر میت کو غسل دیتے وقت مندرجہ ذیل امور کا خیال رکھا جائے: ٭ میت کو پہلے استنجا پھر وضو کرایا جائے۔ اس کے ناک اور منہ کی صفائی روئی وغیرہ سے کی جائے۔ ٭ غسل کے پانی میں بیری کے پتے ڈالے جائیں، پھر اسے جوش دیا جائے۔ ٭ میت اگر مرد ہے تو کسی دین دار اور امانت دار مرد کا اور اگر عورت ہے تو مذکورہ صفات کی حاملہ کسی خاتون کا بندوبست کیا جائے۔ ٭ کم از کم تین مرتبہ غسل دیا جائے، حسب ضرورت زیادہ مرتبہ بھی دیا جا سکتا ہے، لیکن طاق عدد کا خیال رکھا جائے۔ ٭ آخری مرتبہ پانی بہاتے وقت اس میں کچھ کافور یا کسی بھی خوشبو کو شامل کر لیا جائے۔ ٭ عورت کے بالوں کو کھول کر اچھی طرح دھویا جائے، پھر ان میں کنگھی کی جائے۔ ٭ آخر میں اس کے بالوں کی تین مینڈھیاں بنا کر انہیں پیچھے ڈال دیا جائے۔ یہ تمام امور دلائل سے ثابت ہیں۔ علامہ البانی ؒ نے انہیں تفصیل سے بیان کیا ہے۔ (أحکام الجنائز:48)