تشریح:
(1) امام مالک ؓ کے نزدیک کفن میں عمامہ ہونا بھی مستحب ہے جبکہ مذکورہ حدیث میں اس کی نفی ہے۔ امام بخاری ؒ نے مذکورہ عنوان مالکی حضرات کی تردید میں قائم کیا ہے۔ جامع ترمذی کی روایت میں یہ اضافہ ہے کہ حضرت عائشہ ؓ کے ہاں لوگوں کی اس بات کا ذکر ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کو دو کپڑوں اور ایک دھاری دار چادر میں کفن دیا گیا تھا تو حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا کہ کفن کے لیے چادر لائی گئی تھی، لیکن اس میں کفن دینے کے بجائے اسے واپس کر دیا گیا تھا۔ (جامع الترمذي، الجنائز، حدیث: 996) لیکن رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جس کے ہاں مالی وسعت ہو اسے دھاری دار چادر میں کفن دیا جائے۔ (مسند أحمد: 335/3)
(2) دھاری دار چادر کا ہونا سفید کپڑوں کے منافی نہیں کیونکہ تین کپڑوں میں اگر ایک چادر دھاری دار ہو تو دونوں احادیث پر عمل ہو سکتا ہے۔ (أحکام الجنائز، ص:83) حافظ ابن حجر ؓ نے طبقات ابن سعد کے حوالے سے ان تین کپڑوں کی تفصیل دی ہے کہ ان میں ایک اوڑھنے کی چادر، دوسری پہننے کی چادر اور تیسری بڑی چادر لپیٹنے کے لیے تھی۔ (فتح الباري: 179/3)