تشریح:
(1) ان احادیث میں نوحہ خوانی پر بڑی سخت وعید اور زجروتوبیخ ہے، کیونکہ پہلی حدیث میں نوحہ کرنے والی عورتوں کے منہ میں مٹی ڈالنے کا حکم ہے۔ اس سے مراد حقیقتا مٹی ڈالنا ہو سکتا ہے جیسا کہ حدیث (1304) میں حضرت عمر ؓ کے متعلق بیان ہوا ہے کہ وہ نوحہ کرنے والی عورتوں کو پتھر مارتے اور ان کے منہ میں مٹی ڈالتے تھے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے مراد ان عورتوں کو نامراد قرار دینا ہو، کیونکہ ناکام آدمی کے متعلق کہا جاتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں مٹی کے سوا کچھ بھی نہیں۔ (2) مصیبت کے وقت نوحہ خوانی یا سینہ کوبی کرنا انتہائی سنگین جرم ہے۔ اس کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے کیا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ اس امتناعی حکم کے لیے خواتین اسلام سے بیعت لیتے تھے، جیسا کہ دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عورتوں سے جاہلی نوحہ و ماتم نہ کرنے کا عہد لیا تھا، مگر پانچ عورتوں کے علاوہ کسی نے بھی اس عہد کو پورا نہ کیا۔ اس سے مراد صرف وہ عورتیں ہیں جنہوں نے حضرت ام عطیہ ؓ کے ساتھ اس وقت بیعت کی تھی۔ ان کے نام یہ ہیں: ام سلیم، ام العلاء، ام کلثوم، ام عمرو اور ہند بنت سہل۔ ممکن ہے کہ ان میں ام عطیہ ؓ بھی شامل ہوں کیونکہ بعض روایات میں ہے کہ میرے اور ام سلیم کے علاوہ کسی نے بھی اس عہد کو پورا نہیں کیا۔ لیکن ایک روایت میں وہ خود فرماتی ہیں کہ حرہ کے دن انہوں نے صحابہ کرام ؓ کی شہادت پر نوحہ کیا تھا، اس لیے وہ خود کو ان میں شمار نہ کرتی تھیں۔ ممکن ہے کہ حرہ کے واقعہ تک خود کو شامل کرتی ہوں اور اس کے بعد وہ اس کی پاسداری نہ کر سکی ہوں۔ (فتح الباري: 226/3) والله أعلم۔