تشریح:
(1) ایک آدمی کی گواہی کے متعلق اس لیے سوال نہ کیا گیا کہ گواہی کا نصاب کم از کم دو آدمی ہیں، چنانچہ امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے گواہی کا نصاب بھی ثابت کیا ہے۔ (صحیح البخاري، الشھادات، حدیث:2643) واضح رہے کہ میت کے متعلق ان لوگوں کی گواہی کا اعتبار ہو گا جو دیندار اور دیانت دار ہوں کیونکہ بدکردار اور فسق و فجور میں مبتلا تو اپنے جیسے ہی کی تعریف کریں گے۔ اور ان لوگوں کی گواہی بھی معتبر نہیں ہو گی جنہیں میت کے ساتھ دشمنی یا حسد ہو، کیونکہ دشمن کی گواہی کا کوئی اعتبار نہیں ہوتا۔ (2) ایک حدیث میں ہے کہ جب کوئی آدمی فوت ہوتا ہے اور اس کے چار قریبی پڑوسی اس کے متعلق گواہی دیں کہ ہمیں اس میں خیر کے علاوہ کوئی چیز معلوم نہیں ہوئی تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں نے تمہاری بات کو مان لیا اور جو عیب اور گناہ تمہیں معلوم نہیں تھے میں نے ان سے درگزر کر دیا۔ (مسندأحمد:242/3) اس میں کوئی شک نہیں کہ میت کے لیے لوگوں کی تعریف ایک اچھی علامت ہے۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ضرورت کے وقت کسی کی اچھائی یا برائی بیان کی جا سکتی ہے اور ایسا کرنا ممنوعہ غیبت میں سے نہیں۔ (فتح الباري:294/3)