تشریح:
(1) اس حدیث سے ثابت ہوا کہ خیرات اور صدقہ کرنے میں جلدی کرنا بہتر ہے، مبادا موت آ جائے یا مال باقی نہ رہے اور انسان اسے روک کر ثواب سے محروم رہ جائے، اس لیے نیکی کے کام میں جلدی کرنی چاہیے۔ (2) امام بخاری ؒ نے عنوان میں صدقہ کرنے میں جلدی کرنے کے استحباب کو بیان کیا ہے، حالانکہ حدیث سے واضح طور پر تو تاخیر کی کراہت معلوم ہو رہی ہے، لہذا امام صاحب کو کراہت تاخیر کا عنوان قائم کرنا چاہیے تھا جو کہ حدیث سے واضح طور پر معلوم ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امام بخاری ؒ حسب عادت دقیق نظری کو پسند کرتے اور باریک بینی کو ظاہر بات پر ترجیح دیتے ہیں، اس بنا پر امام بخاری نے استحبابِ تعجیل کا عنوان قائم کیا ہے۔ (فتح الباري:377/3)