تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اچھی بات پر عمل کرنا اور بری بات سے باز رہنا ایک ہی درجہ ہے، لیکن ایک دوسری روایت سے پتہ چلتا ہے کہ بری بات یا برے کام سے رک جانا آخری درجہ ہے، کیونکہ اس روایت میں ہے کہ لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! اگر کوئی اچھی بات پر عمل نہ کر سکے تو کیا کرے؟ آپ نے فرمایا کہ بری بات یا برے کام سے باز رہے۔ (صحیح البخاري، الأدب، حدیث:6022) مقصد یہ ہے کہ اللہ کی مخلوق پر شفقت و مہربانی کرنی چاہیے، خواہ وہ مال خرچ کرنے سے ہو یا غیر مال سے ہو۔ وہ کسی کام کے کرنے سے ہو گی جیسا کہ ضرورت مند کی اعانت کرنا ہے یا ترک فعل سے ہو گی جیسا کہ کسی کو تکلیف دینے سے باز رہنا ہے۔ یہ آخری درجہ بھی اللہ کی مخلوق پر شفقت و مہربانی کرنے کی ایک قسم ہے۔ (2) امام بخاری ؒ نے اس حدیث کے ذریعے سے درجہ بدرجہ صدقہ کرنے کے متعلق ترغیب دلائی ہے۔ پہلے یہ کہ مالی تعاون کیا جائے۔ اگر ایسا نہ کر سکے تو اپنی ذات سے دوسروں کو نفع پہنچائے۔ اگر اس کی بھی توفیق نہ ہو تو راستے سے تکلیف دہ چیز کو دور کر دیا جائے۔ آخری درجہ یہ ہے کہ برائی کو ترک کر دیا جائے۔ الغرض انسان جو بھی اچھا کام کرے گا وہ ضائع نہیں ہو گا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمَا يَفْعَلُوا مِنْ خَيْرٍ فَلَن يُكْفَرُوهُ﴾ (آل عمران115:3) ’’لوگ جو کچھ بھی نیک کام کرتے ہیں وہ ضائع نہیں جاتا۔‘‘ (3) ایک حدیث میں ہے کہ انسان کے تین سو ساٹھ جوڑ ہیں اور ہر صبح ہر جوڑ کے بدلے صدقہ کرنا چاہیے۔ رسول اللہ ﷺ نے آخر میں فرمایا کہ اگر کوئی انسان ہر جوڑ کی طرف سے صدقہ و خیرات نہیں کر سکتا تو چاشت کی دو رکعت پڑھ لینا ہی اس کے لیے کافی ہے۔ (صحیح مسلم، صلاةالمسافرین، حدیث:1671(720)، و سنن أبي داود، الأدب، حدیث:5242، و فتح الباري:389/3)