تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اپنے رشتہ داروں پر خرچ کرنا زیادہ فضیلت کا باعث ہے، کیونکہ اس کے متعلق رسول اللہ ﷺ نے مشورہ دیا تھا، خاص طور پر جب رشتہ دار محتاج اور نادار ہوں تو انہیں ترجیح دینی چاہیے، تاہم جن رشتہ داروں کی کفالت انسان کی ذمہ داری میں شامل ہو ان پر فرض زکاۃ خرچ نہیں کی جا سکتی۔ (2) اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اپنا پسندیدہ مال اللہ کی راہ میں خرچ کرنا بہت فضیلت کا باعث اور حصول نیکی کا ذریعہ ہے، نیز صدقات و خیرات کے وقت اہل فضل سے مشورہ کر لینا چاہیے۔ (3) راوی حدیث روح بن عبادہ کی متابعت کو امام بخاری ؒ نے خود ہی اپنی متصل سند سے بیان کیا ہے۔ (صحیح البخاري، تفسیرالقرآن، حدیث:4554) (4) دوسری روایات جن میں رايح کے الفاظ ہیں، اس کے معنی ہیں: یہ تو چلتا ہوا مال ہے، یعنی نفع خوب دینے والا ہے اور بھرپور فائدہ پہنچانے والا ہے۔ اس سلسلے میں یحییٰ بن یحییٰ کی روایت کو کتاب الوکالۃ اور اسماعیل بن ابی اویس کی روایت کو کتاب التفسیر میں متصل سند سے بیان کیا گیا ہے۔ (صحیح البخاري، الوکالة، حدیث:2318، و کتاب التفسیر، حدیث:4554، وفتح الباري:411/3)