تشریح:
(1) ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ صدقہ و خیرات، فرض ہو یا نفل، بیوی اپنے محتاج خاوند اور ماں اپنے نادار بچوں کو دے سکتی ہے، کیونکہ بیوی کے ذمے خاوند کی اور ماں کے ذمے بچوں کی کفالت نہیں ہے۔ بعض حضرات نے ان احادیث میں صدقے سے نفل صدقہ مراد لیا ہے، لیکن امام بخاری ؒ نے اس مقام پر زکاۃ مراد لی ہے۔ جیسا کہ عنوان سے پتہ چلتا ہے۔ حدیث کے ظاہر الفاظ حضرت امام بخاری کے مؤید ہیں۔ (2) حضرت ابو سعید خدری ؓ کی حدیث میں تھا کہ حضرت زینب زوجہ عبداللہ بن مسعود ؓ نے خود سوال کیا اور مذکورہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے حضرت بلال ؓ کو کہا، ان دونوں روایات میں تضاد نہیں۔ ممکن ہے کہ دو الگ الگ واقعات ہوں یا انہوں نے پہلے بلال سے کہا ہو اور بعد میں خود رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا ہو، البتہ حدیث کے الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ دو واقعات ہیں: ایک واقعے میں صدقے کے متعلق سوال کا ذکر ہے اور دوسرے میں محض نفقے کے متعلق دریافت کیا گیا کہ ایسا کرنے سے اللہ کے ہاں اجر ملے گا یا نہیں؟ (3) واضح رہے کہ حدیث میں دوسری عورت حضرت ابو مسعود عقبہ بن عمرو انصارى ؓ کی بیوی حضرت زینب ؓ تھیں۔ (فتح الباري:414/3) (4) حدیث ام سلمہ میں یہ صراحت نہیں کہ وہ ان یتیم بچوں پر مال زکاۃ سے خرچ کرتی تھیں، تاہم اتنا ضرور ہے کہ وہ ان پر خرچ کرتی تھیں۔ واللہ أعلم