تشریح:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ضرورت کے بغیر کسی دوسرے سے سوال کرنا حرام ہے۔ محنت و مزدوری پر قدرت رکھنے والے کے لیے یہی حکم ہے، البتہ بعض حضرات نے تین شرائط کے ساتھ کچھ گنجائش پیدا کی ہے: ٭ اصرار نہ کرے۔ ٭ اپنی عزت نفس کو مجروح نہ ہونے دے۔ ٭ اور جس سے سوال کرے اسے تکلیف نہ دے۔ اگر یہ شرائط نہ ہوں تو سوال کرنا بالاتفاق حرام ہے، نیز اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے صابر اور حریص کی جزا بیان فرمائی ہے کہ جو بھی دنیوی دولت کے سلسلے میں قناعت سے کام لے گا اور حرص و لالچ کی بیماری سے خود کو بچائے گا اس کے لیے اللہ تعالیٰ برکتوں کے دروازے کھول دے گا اور تھوڑا مال بھی اس کے لیے کافی ہو سکے گا اور اس کی زندگی بڑے اطمینان اور سکون سے گزرے گی۔ اس کے برعکس جو شخص حرص اور لالچ کا شکار ہو گا اس کا پیٹ کسی صورت نہیں بھرے گا، خواہ اسے دنیا کی تمام دولت مل جائے۔ ایسے لوگ نہ تو اللہ کے نام پر کچھ دیتے ہیں اور نہ اپنی دولت سے مخلوق ہی کو فائدہ پہنچاتے ہیں بلکہ اپنے اہل و عیال پر بھی خرچ نہیں کرتے۔ (2) موجودہ دور میں اگر سرمایہ داروں کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو بہت ہی بھیانک تصویر نظر آتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے دنیا کے مال کو خوشگوار اور شیریں قرار دیا ہے، خوشگوار مال دیکھنے میں مرغوب اور شیریں مال چمک دمک میں پسندیدہ ہوتا ہے۔ جب یہ دونوں چیزیں جمع ہو جائیں تو اس کے حصول کے لیے رغبت مزید بڑھ جاتی ہے۔