تشریح:
(1) امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ تلبیہ سے پہلے اللہ کی تسبیح و تحمید اور تکبیر کہنا مستحب ہے، نیز ان لوگوں کی تردید کرنا مقصود ہے جو تلبیہ کے بغیر صرف تسبیح و تحمید ہی کو کافی سمجھتے ہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے سوار ہو کر پہلے سبحان الله، الحمدلله اور الله أكبر کہا ہے۔ اس کے بعد تلبیہ ادا کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف تسبیح و تحمید کافی نہیں۔ (فتح الباري:519/3) (2) صحیح مسلم کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ظہر کی نماز ذوالحلیفہ میں پڑھی، پھر اپنی قربانی کا شعار کیا اور سواری پر سوار ہوئے۔ جب وہ میدان بیداء کی چڑھائی طے کرنے لگی تو آپ ﷺ نے تلبیہ کہا جبکہ سنن نسائی میں ہے کہ آپ ﷺ نے نماز ظہر میدان بیداء میں پڑھی پھر سوار ہوئے۔ ان مختلف روایات میں تطبیق کی یہ صورت ہے کہ آپ نے نماز ظہر ذوالحلیفہ کے آخری حصے اور بیداء کے ابتدائی حصے میں پڑھی تھی۔ (فتح الباري:519/3) واللہ أعلم