تشریح:
(1) اس حدیث سے جمہور ائمہ نے یہ ثابت کیا ہے کہ مبہم احرام باندھنا جائز ہے، پھر اسے موقع و محل کی مناسبت سے جدھر چاہے پھیر سکتا ہے، جیسا کہ حضرت علی ؓ نے احرام باندھا اور اسے رسول اللہ ﷺ کے احرام کے مثل قرار دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کا انکار نہیں کیا۔ چونکہ حضرت علی ؓ احرام کی کیفیت نہ جانتے تھے، اس لیے انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے احرام کی مثل نیت کر لی۔ (2) امام بخاری ؒ کے عنوان سے ان کا رجحان یہ معلوم ہوتا ہے کہ ایسا کرنا زمانہ نبوت کے ساتھ خاص تھا، کیونکہ زمانہ وحی تھا اور احکام کا نزول ہوتا رہتا تھا، اب چونکہ دین اسلام مکمل ہو چکا ہے، اس لیے اب احرام کے وقت نیت کا تعین کرنا ضروری ہے۔ اب احرام کو کسی بزرگ کے احرام کی مثل قرار دینا صحیح نہیں، (فتح الباري:525/3) اس لیے بھی کہ احرام کی تمام صورتیں معلوم ہیں جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کو معلوم نہ تھیں۔