تشریح:
(1) حدیث میں مذکور عمرے سے مراد عمرہ قضا ہے جو آپ نے فتح مکہ سے پہلے ساتویں ہجری میں کیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ اس وقت بیت اللہ میں داخل نہیں ہوئے تھے کیونکہ اس وقت بیت اللہ بتوں سے بھرا ہوا تھا اور مشرکین ان کے ازالے کی بھی اجازت نہیں دیتے تھے۔ آئندہ سال 8 ہجری میں جب مکہ فتح ہوا تو رسول اللہ ﷺ نے پہلے بتوں اور تصاویر سے بیت اللہ کو پاک کیا، پھر اس میں داخل ہوئے جیسا کہ آئندہ حدیث ابن عباس میں اس کے متعلق تفصیل آئے گی۔ (2) اس حدیث سے محب طبری نے ثابت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ فتح مکہ اور حجۃ الوداع کے موقع پر بیت اللہ میں داخل ہوئے تھے لیکن فتح مکہ کے متعلق احادیث میں صراحت ہے، حجۃ الوداع کے موقع پر بیت اللہ میں داخل ہونے کا ذکر محل نظر ہے۔ (فتح الباري:590/3) حضرت جابر ؓ سے مروی ایک روایت میں ہے کہ کعبہ میں تصاویر تھیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فتح مکہ کے موقع پر حضرت عمر ؓ کو حکم دیا کہ ان کو مٹا دیں۔ حضرت عمر ؓ نے کپڑا لیا اور اسے پانی سے تر کر کے تمام تصاویر مٹا دیں، اس کے بعد رسول اللہ ﷺ بیت اللہ میں داخل ہوئے۔ (مسندأحمد:396/3) نوٹ: عمرہ قضا کی وجہ تسمیہ یہ نہیں کہ یہ پہلے عمرے کی قضا کے طور پر ہوا تھا کیونکہ صلح حدیبیہ میں نہیں ہو سکا تھا، بلکہ اسے اس بنا پر عمرہ قضا کہا جاتا ہے کہ صلح حدیبیہ کی شرائط اور فیصلے کے نتیجے میں ہوا تھا۔ صحابہ کرام ؓ رسول اللہ ﷺ کی حفاظت کرتے تھے، مبادا مشرکین یا ان کے چھوکرے آپ کو گزند پہنچائیں۔ (صحیح البخاري، حدیث:4255،1791)