تشریح:
(1) یہ عنوان اور اس میں ذکر کردہ تینوں احادیث کتاب تقصیر الصلاۃ میں گزر چکی ہیں۔ امام بخاری ؒ نے استاد کی تبدیلی کے ساتھ یہاں بیان فرمایا ہے۔ (2) حضرت عثمان ؓ نے اپنی خلافت کے چھٹے سال منیٰ میں نماز پوری پڑھنا شروع کر دی۔ اس کی وجوہات ہم پہلے بیان کر آئے ہیں، جن میں سے ایک یہ ہے کہ ان کے نزدیک سفر میں قصر کرنا اور پوری نماز ادا کرنا دونوں امر جائز تھے، اس لیے انہوں نے کسی مصلحت کے پیش نظر جواز پر عمل کیا۔ اگرچہ کچھ صحابہ کرام ؓ نے ان کے اس عمل سے اختلاف کیا جن میں حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سرفہرست ہیں۔ بہرحال حجاج کرام کو چاہیے کہ دوران حج منیٰ میں ظہر، عصر اور عشاء کی نمازیں قصر پڑھیں، البتہ نماز فجر اور نماز مغرب پوری ادا کریں، تاہم مغرب کی سنتیں ادا نہیں کی جائیں گی۔