تشریح:
(1) اس روایت سے معلوم ہوا کہ حج کرنے سے پہلے عمرہ ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ مسند احمد میں اس کی تفصیل ہے: حضرت عکرمہ بن خالد کہتے ہیں: میں اہل مکہ کے ایک گروہ کے ساتھ مدینے آیا تو میں نے حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے ملاقات کی۔ میں نے کہا: ہم نے کبھی حج نہیں کیا، آیا ہم مدینہ منورہ سے عمرے کا احرام باندھ لیں؟ آپ نے فرمایا: ہاں، اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے بھی حج ادا کرنے سے پہلے عمرہ ادا کیا تھا۔ حضرت عکرمہ کہتے ہیں کہ ہم نے مدینے سے عمرے کا احرام باندھا اور اس کی تکمیل کی۔ (مسندأحمد:158/2) (2) ان روایات سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ عمرہ کرنے سے پہلے رسول اللہ ﷺ پر حج فرض ہو چکا تھا۔ اسی صورت میں استدلال صحیح ہو سکے گا۔ (فتح الباري:756/3)